×
Home
About
Columns
Books
Gallery
Contact
Matloob
Warraich
Journalist
Matloob
Warraich
Author
Matloob
Warraich
Party Chairman
وزیراعظم کو پرانے مسائل نئے جذبے کے ساتھ حل کرنا ہوں گے
Dated: 03-Jul-2012
مطلوب احمد وڑائچ matloobwarraich@yahoo.com راجہ پرویز اشرف کو وزیراعظم اس وقت بنایا گیا جب جمہوریت کی کشتی بھنور میں تھی۔ ان حالات کے ذمہ دار خود اپنے ہی تھے۔ صدرِ مملکت جناب آصف علی زرداری نے مفاہمت کی فضا کو فروغ دیا۔ بدقسمتی سے ان کے قریبی ساتھیوں نے نہ صرف اس فضا کو گرد آلود کیا بلکہ ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں بھی دھکیل دیا۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں۔ ان سے استفادہ کرنے کی بجائے بیرونی قرضوں پر انحصار کیا گیا جو انتہائی زیادہ سود اور عوام دشمنی جیسی شرائط قبول کرتے ہوئے حاصل کیے گئے۔ سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی کا دور یقینا کرپشن بدعنوانی اور لاقانونیت کے حوالے سے بدترین دور تھا۔ ستم تو یہ کہ کرپشن میں ان دوستوں اور جیل کے ساتھیوں کے ساتھ ساتھ ان کی اپنی فیملی نے بھی خوب کمائی کی۔ صدر مملکت جناب آصف علی زرداری اور خود وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن ان دونوں کی اولاد پر کرپشن یا کسی بھی قسم کی بے قاعدگی اور بے ضابطگی کا الزام نہیں۔ سابق وزیراعظم کرپشن کے خاتمے کے بجائے اپنی اولاد اور ساتھیوں کی کرپشن کی پردہ پوشی کے لیے بھی اپنے اختیارات استعمال کرتے رہے۔ ان کے دور میں کوئی قابلِ ذکر اصلاحی کام اور فلاحی منصوبہ ڈھونڈنے سے نہیں ملتا۔انہوں نے ایک طرف اپوزیشن سے محاذ آرائی کی دوسری طرف فوج اور عدلیہ کو بھی اس کے احترام کا درس دیتے رہے۔ آج ملک میں مہنگائی، بیروزگاری ،بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور لاقانونیت اگر ہے تو سابق وزیراعظم کے دم قدم سے ہے۔ ان کا پھیلایا ہوا ملبہ راجہ پرویز اشرف کو سمیٹنا ہوگا جس کے لیے وہ سرگرداں بھی ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے جس روز سے وزارت عظمی کا حلف اٹھایا اس سے ہفتہ بھر قبل سے پورے ملک میں 20،20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ جس میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔ تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ اسی تناسب سے مہنگائی میں کمی متوقع ہے جبکہ ٹرانسپورٹران نے حکومت سے تعاون کرتے ہوئے کرایوں میں رضاکارانہ کمی کر دی ہے۔ راجہ پرویز اشرف سیاسی معاملات بھی بڑی دانشمندی سے چلا رہے ہیں۔ انہوں نے اقتدار میں آتے ہی انرجی بحران پر قابو پانے کے لیے جتن شروع کر دیئے۔پنجاب حکومت بجلی کی غیرمنصفانہ لوڈشیڈنگ پر احتجاج کر رہی ہے۔ راجہ پرویز اشرف کے اس عزم کو پنجاب حکومت احتجاج کے باوجود قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کہ تمام صوبوں میں یکساں لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ اس بیان کے اگلے روز راجہ پرویز اشرف لاہور آئے تو پنجاب حکومت نے ان کو وزیراعظم کا پروٹوکول دے کر خیرسگالی کی فضا پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف دو روز لاہور میں رہے اس دوران خود انہوں نے سیاسی مخالفین کے خلاف کوئی بات کی نہ گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کوئی تلخ اور ترش بیان دیا۔ وزیراعظم نے تو پروٹوکول دینے پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایڈیٹروں سے گفتگو کے دوران باور کرایا کہ اپوزیشن کی مشاورت سے چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ خوش اسلوبی سے طے کر لیں گے۔ اس کامیاں محمد نوازشریف نے مثبت جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سنجیدہ ہے تو چیف الیکشن کمشنر کے تقرر پر مشاورت کے لیے تیار ہیں ۔ وزیراعظم نے لاہور میں جہاں دیگر بہت سی مثبت باتیں کیں وہاں فوج کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چند جرنیلوں کے حکومت پر قبضے کے علاوہ فوج کا کردار ہمیشہ مثبت رہا۔ ان کے پیشرو جرنیلوں کو آئین شکن قرار دیا کرتے تھے۔ راجہ پرویز اشرف کے پاس وقت بہت کم ا ور مسائل بہت زیادہ ہیں۔ ان کے پاس زیادہ سے زیادہ 9ماہ کی زمامِ اقتدار ہے۔ ان کو اس مدت میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالا ہوگا۔ سرکولرڈیٹ میں انرجی کے بحران کی بنیادی وجہ ہے وہ جیسے بھی ممکن ہے پورا کریں ۔ چوہدری شجاعت کا فارمولا بھی بہتر ہے۔ اس ڈیٹ کے ذمہ دار سرکاری ادارے زیادہ ہیں۔ ان سے وصولی بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں روزانہ 6سے8ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے۔ وزیراعظم کو اس کے آگے بند باندھ کر بھی سرکولرڈیٹ ختم کر سکتے ہیں۔ یہ اور دیگر بہت سے مسائل ان کو اپنی ہی پارٹی کے وزیراعظم سے ورثے میں ملے ہیں۔ وہ پرانے مسائل نئے جذبے سے حل کرنے کی جدوجہد کریں۔ وہ 100میل کی سپیڈ سے دوڑ سکتے ہیں۔ ضرورت 500میل کی رفتار سے دوڑنے کی ہے۔ جو قوتِ ارادی اور عزم صمیم کر لینے سے ممکن ہے۔ عوام یہ نہیں کہتے کہ چند ماہ میں وطن کو جنت نظیر بنا دیں ان کی خواہش ہے کہ اس مختصر عرصہ میں ان کے اوپر سے جہنم کی سی سختیاں اٹھا دیں۔
Column Name
Search
Select Year
2026
2025
2024
2023
2022
2021
2020
2019
2018
2017
2016
2015
2014
2013
2012
2011
Select Month
January
February
March
April
May
June
July
August
September
October
November
December
Search
Next
Home
Back
Copyright 2025 All Right Reserved By IRSHADCOMTECH --
Build Your Website withus