×
Home
About
Columns
Books
Gallery
Contact
Matloob
Warraich
Journalist
Matloob
Warraich
Author
Matloob
Warraich
Party Chairman
کنٹینرز کلچر کا فروغ
Dated: 15-Jan-2013
مطلوب احمد وڑائچ matloobwarraich@yahoo.com ڈاکٹر طاہر القادری کا لانگ مارچ لاہور سے شروع ہونا تھامصیبت میں رحمن ملک نے اسلام آباد والوں کو ڈال رکھا تھا۔اسلام آباد کی ہر شاہراہ کنٹینرز سے بند کر دی گئی تھی۔دیگر شہروں کے لوگوں پرگھروں میں عذاب نازل کر دیا گیا تھا۔موبائل سروس کی بندش تو قابلِ برداشت،گیس پہلے ہی ناپید،پٹرول پمپ بھی بند کر دیئے گئے۔رحمن ملک کو پنجاب والوں کی بدزبانی کا گلہ ہے جس روز علامہ طاہر القادری لاہور سے لانگ مارچ لے کر نکلے رحمن ملک نے جو زبان استعمال کی وہ ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کی غماز تھی۔دوسروں کو نصیحت کرنے والے خود میاں فضیحت بن گئے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کا نتیجہ کیا نکلتا ہے اس سے قطع نظر ،حکومتوں کے ستم کا نشانہ بننے والے لوگ طاہر القادری کو امید کی کرن سمجھ کر گھروں سے نکل آئے۔کوئی کچھ بھی کہے طاہر القادری کے لانگ مارچ اور اس سے بھی بڑھ کر ان کے عزم نے روایتی سیاستدانوں کی نیندیں حرام کر دیں۔ان کے لانگ مارچ کو یرغمال بنانے کی پوری کوشش کی گئی لیکن یہ غیبی مدد یا طاہر القادری کی حکمت عملی سے بال بال بچ گیا۔ایم کیو ایم جس طرح علامہ کے کندھے پر سوار ہوئی اور عین لانگ مارچ کے موقع پر اتر کر محض اخلاقی مدد کے دعوے کرنے لگی۔خدا بہتر جانتا ہے کہ اس قلابازی سے اسے کیا مفاد حاصل ہوا البتہ طاہر القادری کو اس طعنے سے نجات مل گئی کہ آخر اس کے شانہ بشانہ کس قماش کے لوگ ہو گئے ہیں۔چودھری برادران بھی شاید ایم کیو ایم کی طرح ایوان اعلیٰ و بالا کی طرف سے بھجوائے گئے تھے جن کی قادری نے باتیں سنیں ،مشورے پرکھے لیکن مرضی اپنی کی۔انہوں نے چودھری برادران سے ملک ریاض کی موجودگی میں مذاکرات سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ سن رکھا ہے کہ اگر کسی کو خریدنا ہو تو ملک ریاض کو بھیجا جاتا ہے ان کی ملاقاتوں کا مطلب ہی سودے بازی ہوتا ہے۔چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے ملک ریاض کو الوداع کرکے ملاقات کی لیکن وہ ان کو دامِ الفت میں نہ پھنسا سکے،شاطر حکمرانوں کے چھوڑے ہوئے وائرس اپنی موت آپ مر گئے۔طاہر القادری لانگ مارچ شروع کرنے سے قبل ہی اسے ختم کر دیتے تو یہ ان کی سیاسی موت ہوتی اور موجودہ لانگ مارچ ان کو پاکستان کی سیاست میں حیاتِ جاوداں بخش گیا ہے۔ملک میں انقلاب یا تبدیلی آتی ہے یا نہیں آتی،اس کے لیے طاہر القادری نے اپنی طرف سے کردار تو ادا کر دیا ۔ آج واقعی ضرورت ہے ایک کڑے احتساب کی،اس کے لیے خواہ دو تین سال تک ایماندار،اہل اور صالح لوگوں کی حکومت ہی کیوں نہ قائم کرنا پڑے۔ملک کو لوٹنے والوں کو جمہوریت کے نام پر مزید لوٹ مار کا موقع دینے کی بجائے ان کے پیٹ سے عوام کے خون پسینے کی کمائی کی ایک ایک پائی نکلوائی جانی چاہیے۔یہ کام طاہر القادری کرے،عمران خان کرے یا کوئی اور کرے۔عمران خان اور طاہر القادری کے جلسوں میں لاکھوں لاکھوں افراد کی شرکت بھی تبدیلی کے خواہشمندوں کی ہوتی ہے۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت ڈوب رہی ہے۔برآمدات اور درآمدات شدید متاثر ہوئی ہے۔ پیداوار نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے ایسے میں کنٹینرز خالی پڑے زنگ آلود ہو رہے تھے حکمرانوں کو ان کا اچھا مصرف سوجھا کہ ان کو مظاہرین اور احتجاج کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کیا جانے لگا۔آئندہ الیکشن آنے والے ہیں۔حکومت عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت کی چکی میں پیس رہی ہے۔ ملک میں بجلی ہے نہ گیس اور نہ پانی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،عوام نے سڑکوں پر آنا ہی ہے۔اس لیے بہتر ہے کہ حکمران مزید پچاس ساٹھ ہزار کنٹینرز درآمد کر لیں۔اگر مستقبل میں ان کی ضرورت نہ رہے تو یہ مستحق لوگوں کو گھر بنانے کے لیے دیئے جا سکتے ہیں۔گیس کی لوڈشیڈنگ بلکہ مکمل بندش کی طرح کنٹینرزکلچر نہ صرف موجودہ حکمرانوں نے متعارف کروایا ہے بلکہ اس کو فروغ بھی دیا ہے۔ کنٹینر کلچر کو آمریت ،ملوکیت اور فیوڈلزم اپنے مقاصد کے لیے دل کھول کر استعمال کیاکرے گی۔ایسے لانگ مارچ اور طویل مدت کے دھرنے آج کے دور میں کامیابی سے یوں ہمکنار ہوتے نظر نہیں آتے کیونکہ ایسی ’’فضولیات‘‘کے لیے شرکاء کے پیٹ میں رزق کا ہونا بھی ضروری ہے۔بھوکے پیاسے لوگ آخر کیسے طویل لانگ مارچ اور دھرنے دے سکتے ہیں۔آخر میں اس موقع پر جب طاہر القادری کا لانگ مارچ رواں دواں ہے اس کے شرکاء آنکھوں میں تبدیلی کے سپنے سمائے مصائب کا سامنا کر رہے ہیں۔ایسے میں آج میری بیٹی ماہ نور وڑائچ کی سالگرہ ہے جو ہم لوگ یورپ میں جبری جلاوطنی کے دوران وطن سے ہزاروں میل دور منا رہے ہیں۔اس موقع پر میں اپنی بیٹی کو مبارک باد دیتاہوںاور اپنی قوم کے مصائب کے خاتمے کے لیے دعاگو ہوں بالآخر میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
Column Name
Search
Select Year
2026
2025
2024
2023
2022
2021
2020
2019
2018
2017
2016
2015
2014
2013
2012
2011
Select Month
January
February
March
April
May
June
July
August
September
October
November
December
Search
Next
Home
Back
Copyright 2025 All Right Reserved By IRSHADCOMTECH --
Build Your Website withus