×
Home
About
Columns
Books
Gallery
Contact
Matloob
Warraich
Journalist
Matloob
Warraich
Author
Matloob
Warraich
Party Chairman
میاں شہبازشریف مبارک باد کے مستحق۔ مگر!
Dated: 10-Sep-2011
مطلوب احمد وڑائچ matloobwarraich@yahoo.com کلمہ چوک پر فلائی اوور بنانے پر پنجاب حکومت کے وزیراعلیٰ محترم میاں شہبازشریف مبارک باد کے نہ صرف مستحق ہیں بلکہ اسے 135دنوں میں پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں ان کی ذاتی کاوشوں کا بہت عمل دخل ہے۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تکمیل پانے والے اس منصوبے نے سنٹرل لاہور میں نہ صرف ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی لاہور دوستی کا بھرم بھی محفوظ رکھا۔ ایک اچھی سیاست کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے میں میاں شہبازشریف کو مبارک باد پیش کرتا ہوں مگر یہاں میں پاکستان کا خواب دیکھنے والے حضرت علامہ اقبالؒ کو، ناممکن کو ممکن بنانے والے فولادی ارادوں کے مالک حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ کو پاکستان بنانے پر اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کو عزت اور توقیر کے ساتھ جینے کا طریقہ سکھانے اور ایٹم بم کا تحفہ دینے پر، ڈاکٹر عبدالقدیر کو ان کی محنت، لگن پر، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دلانے پر اورمیاں محمد نوازشریف کو ایٹمی دھماکہ کرنے ،موٹروے جیسے منصوبوں پر اور جناب مردِ صحافت مجید نظامی صاحب کو دو قومی نظریہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے پر اور پاک فوج کو اس ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر نہ صرف سلام بلکہ مبارک باد پیش کرنا ضروری خیال کرتا ہوں۔ مگر میاں شہبازشریف صاحب جہاں اتنی ساری مبارک بادوں کے آپ حق دار ٹھہرے وہیں ہمیں آپ سے کچھ گلے بھی ہیں۔ اپنے دامن میں ان گِلوں کو بھی جگہ دیجئے خصوصی طور پر جب میں آپ سے ذکر کروں گا کہ میں نے اپنی اب تک کی حیاتی میں لاہور گوجرانوالہ روڈ بنتے ہوئے تو دیکھی اکثر مرمت بھی ہوتے دیکھی ،مگر مقامی ٹریفک کے لیے سروس روڈ اور آبادیوں میں اوورہیڈ برج فلائی اوور نہ بننے کی وجہ سے ایسے ہی لگتا ہے جیسے نئی نویلی کوٹھیوں میں ’’چنگھڑ‘‘بٹھا دیئے گئے ہوں اور پھر پچھلے تین سال سے گوجرانوالہ سیالکوٹ روڈ کو تعمیر اور کشادہ کرنے کے نام پر 15ویں صدی کا کوئی عجوبہ بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ سیالکوٹ پاکستان کو زرمبادلہ دلانے والا پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے جو اتنا خوددار ہے کہ اپنی سڑکیں، اپنے ایئرپورٹ اربوں ڈالرز کی لاگت سے خود بنا لیتا ہے۔ مگر اس کے باوجود اس علاقے کے ساتھ حکومتوں کا سلوک سوتیلے بیٹے جیسا رہا ہے۔ سیالکوٹ گوجرانوالہ سڑک کے کھنڈرات بننے کی وجہ سے ہر سال لاکھوں گاڑیوں کی جو ٹوٹ پھوٹ ہو رہی ہے ان کے سپیئر پارٹس کی درآمد پر اربوں روپے کا ہمارا سرمایہ باہر منتقل ہو رہا ہے۔ مجھے نہیں پتا شاید آج تک یہ سڑک مکمل نہ ہونے کی وجہ کہیں سپیئرپارٹس مافیا تو نہیں یا پھر موت کے فرشتے حضرت عزرائیل نے کسی مقامی سیاسی راہنما سے آبادی کم کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے؟کیونکہ میری اطلاع کے مطابق ہزاروں افراد اس روڈ اور اس سے مطلقہ روڈز پر ٹریفک حادثوں کی وجہ سے لقمہ اجل بنتے ہیں۔ اس روڈ کے نامکمل ہونے کی وجہ سے نہ صرف سیالکوٹ بلکہ سمبڑیال ڈرائی پورٹ اور میرا سوہنا شہر ڈسکہ ،پسرور، شکرگڑھ، نارووال سمیت درجنوں بڑے قصبات ہزاروں دیہات متاثر ہو رہے ہیں، وہاں کے عوام کے ذرائع آمدن کا انحصار ڈیلی تجارت پر ہے،روزانہ کی آمدن پر ہے۔ یہاں کے عوام جو کبھی بیروزگاری کا منہ نہ دیکھا تھا اب آہستہ آہستہ بند ہونے والی فیکٹریوں ،کارخانوں کی وجہ سے لوگوں کو بے روزگاری کے آسیب نے جھکڑنا شروع کر دیاہے۔ نہروں کا اس علاقے میں جال بچھا ہوا تھا مگر اب ہر پل خستہ حالت میں کسی بھی وقت گرنے کی پوزیشن میں ہے۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی وجہ سے زخمیوں یا مریضوں کو لاہور منتقل کرنے میں چار سے پانچ گھنٹے لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر مریض راستے میں ہی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ میرا آبائی گائوں ’’میترانوالی‘‘ جو کبھی درجنوں چھوٹے بڑے قصبات کا شاپنگ حب تھا، اب سڑکیں نہ ہونے اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ جس کی وجہ سے ہزاروں لوگ نقل مکانی کرکے قریبی شہروں یا پھر لاہور منتقل ہو رہے ہیں۔ میاں شہبازشریف صاحب جب آپ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے تو مجھے میثاق جمہوریت کے ابتدائی دنوں میں جب بلدیاتی الیکشن 2005ء ہو رہے تھے، میں پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا رکن ہوں اور 2005ء کے الیکشن میں ڈسٹرکٹ ناظم سیالکوٹ کی سیٹ پرمجھے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا مشترکہ امیدوار نامزد کیا گیا ۔ سیالکوٹ نارووال وہ جگہ ہے جہاں سے پچھلے الیکشن 2008ء میں 90فیصد سیٹیں آپ کی پارٹی نے جیتیں مگر اس کے باوجود اس علاقے کو مقامی سیاست دانوں ایم این ایز اور ایم پی ایز کے رحم و کرم پر چھوڑ کر آپ یقینا گھاٹے کا سودا کرنے جا رہے ہیں۔ علاقے میں لاقانونیت چادر اور چاردیواری کے تحفظ کو تقریباً ناممکن بنا دیا گیا ہے۔ پولیس ایس ایچ او وغیرہ مقامی ایم پی اے اور ایم این اے کی مرضی سے تعینات ہوتے ہیں۔ اس طرح اس گورکھ دھندے میں ملوث لوگ آپ کی اور مسلم لیگ ن کی شہرت گندی کر رہے ہیں۔میاں شہبازشریف صاحب مسلم لیگ ق کے راہنما چوہدری پرویز الٰہی جو کہتے ہیں کہ میاں برادران کا پنجاب رائے ونڈ سے شاہدرہ تک ہی ہے ، اللہ نہ کرے ان کی یہ بات سچ ہو؟ میاں صاحب لاہور کو پیرس ضرور بنائیں مگر باقی ماندہ پنجاب کو کم از کم بنگلہ دیش ،سری لنکا ہی بنا دیں۔میاں صاحب میری دھرتی حضرت علامہ اقبال ،فیض احمد فیض، مولانا ظفر علی خان کی سرزمین ہے۔ وزیرآبادمیں کارڈیالوجی سنٹر بننے دیں میں چوہدری پرویز الٰہی کو راضی کر لوں گا کہ بے شک اس منصوبے، اس پراجیکٹ کا چاہے ٹائٹل ہی تبدیل کیوں نہ کرنا پڑے ۔ ہمارے علاقے میں بھی دانش سکول بنا کر روح اقبال کو خراج تحسین پیش کریں۔ میاںصاحب کیا یہی وجہ نہیں کہ جنوبی پنجاب کے لوگ علیحدہ صوبے کی ڈیمانڈ کرنے لگے ہیں؟ خادم اعلیٰ صاحب اگر کوئی آپ کا میڈیا ایڈوائزر وغیرہ ہے تو آپ کے یقینا بہتر علم میں ہوگا، میں پیپلزپارٹی میں مرکزی مجلس عاملہ کا پہلا رکن ہوں جس نے پارٹی قیادت سے اختلافات نہ ہونے کے باوجود پنجاب کے مسئلہ پر دلیرانہ موقف اپنایا اور کم از کم درجن بھر کالمز پنجاب اور کالاباغ ڈیم کے مسئلے پر لکھے(نوائے وقت کے قیمتی صفحات اس کے گواہ ہیں)پچھلے دنوں نئے صوبوں کی اٹھنے والی لہر میں ، میں ایک جراتمند پنجابی کی طرح سینہ سُپر ہو کر کھڑا ہوا۔ میری مسلم لیگ ن کے ساتھیوں اعلیٰ قیادت سے گزارش ہے کہ آیئے ہم پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں اختلافات کے باوجود پنجاب کی سالمیت، پنجاب کی ترقی اور خوشحالی اور عوام کو روٹی، علاج اور سکھ دینے کے لیے مل کر ایک مہذب معاشرے کے سیاست دانوں کا کردار ادا کریں۔ میاں شہبازشریف صاحب میں ڈسکہ حلقہ این اے113کا قومی اسمبلی کا آئندہ الیکشن انشاء اللہ اپنی پارٹی کی طرف سے لڑوں گا مگر اس سے پہلے آپ نے اس علاقے کے مکینوں کو بنیادی سہولتیں اور خواب پورا کرنے کا حکم صادر فرمایا تو میں نہ صرف آپ کو کھلے عوامی جلسہ عام میں مبارک باد دوں گا بلکہ آپ کو خراج تحسین بھی پیش کروں گا۔بات اگر تختیاں لگوانے کی ہے تو آپ اس علاقے میں ترقیاتی کاموں کا اعلان کریں۔ تختیاں ساری کی ساری آپ کے نام کی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہو کر لگوا دوں گا اور خدارہ ایک کلمہ چوک پرہی کیا موقوف۔ ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
Column Name
Search
Select Year
2026
2025
2024
2023
2022
2021
2020
2019
2018
2017
2016
2015
2014
2013
2012
2011
Select Month
January
February
March
April
May
June
July
August
September
October
November
December
Search
Next
Home
Back
Copyright 2025 All Right Reserved By IRSHADCOMTECH --
Build Your Website withus