×
Home
About
Columns
Books
Gallery
Contact
Matloob
Warraich
Journalist
Matloob
Warraich
Author
Matloob
Warraich
Party Chairman
ناقصاں را پیرکامل
Dated: 10-Jul-2010
حضرت سید ابوالحسن علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ1030ء میں لاہور تشریف لائے۔ آپ کے ہاتھوں پہلا حلقہ بگوش اسلام ہونے والا ہندو رائے راجو تھا۔ اس وقت وہ نہ صرف لاہور کا منتظم بلکہ سنیاسی اور جوگی ہونے کے ساتھ ساتھ علم نجوم، ریاضی اور جادو کا بھی ماہر تھا۔ وہ بارعب شخصیت کا مالک تھا۔ علاقے کی خواتین اس کے سامنے دودھ کا چڑھاوا چڑھایا کرتی تھیں۔ حضرت علی بن عثمانؒ نے ایک روز ایک ہندو عورت کو کہا کہ وہ آج دودھ ان کو فروخت کر دے۔ خاتون نے پہلے تو لیت و لعل سے کام لیا بالآخر دودھ داتا صاحب کے حضور پیش کر دیا۔ آپ ؒ نے تھوڑا سا پیا باقی دریا میں بہا دیا۔ یہ عورت گھر گئی تو شام کو گائے نے پہلے سے کہیں زیادہ دودھ دیا۔ اس کی دیکھا دیکھی باقی لوگ بھی داتا کے پاس دودھ لانے لگے۔ راجو کو پتہ چلا تو بھاگا چلا آیا اور کہا آپ نے ہمارا دودھ بند کرا دیا۔ اب کوئی اور کمال دکھائو۔ جواب تھا ’’میں اللہ کا بندہ ہوں کوئی شعبدہ باز نہیں تم میں کوئی کمال ہے تو دکھائو۔‘‘اس پر راجو نے ہوا میں اڑنا شروع کر دیا۔ داتا صاحب نے جوتے اس کی طرف پھینکے جو راجو کے سر پر برسنے لگے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ راجو نے آپ کے ہاتھ پر اسلام قبول کر لیا۔ سید علی بن عثمان ہجویریؒ نے راجو کو ’’شیخ ہندی‘‘ کا لقب عطا فرمایا۔ آپؒ کے مزار پر حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ نے اعتکاف فرمایا اور چلہ کشی بھی کی۔ حضرت خواجہ معین الدین اجمیریؒ نے آپ کے مزار پر چلہ کشی کی اور روانگی کے وقت آپ کی زبان پر یہ شعر تھا: گنج بخش فیضِ عالم مظہرِ نورِ خدا ناقصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما حضرت داتا گنج بخشؒ کی زندگی میں ہی غریب اور نادار لوگوں کے لیے لنگر کا اہتمام ہوتا تھا۔ آپ کے وصال 1079ء کے بعد سے لنگر کا سلسلہ جاری ہے۔ آپ کا مزار بلاتخصیص و امتیاز مرجع خلائق ہے۔ جہاں بادشاہ اور گدا سب حاضری دیتے رہے ہیں۔800سال میں لاہور پر انگریزوں اور سکھوں کی بھی حکمرانی رہی لیکن کسی دور میں بھی لنگر کا سلسلہ بند ہوا نہ کسی نے میلی آنکھ سے اس دربار کی طرف دیکھا۔ بعض اوقات تو غیرمسلم بھی یہاں حاضر ی دیتے دکھائی دیتے ہیں۔سکھوں کے دورِ حکومت میں مساجد کی بے حرمتی کی گئی ان میں گھوڑے تک باندھے گئے۔ مسلمانوں کے لیے ابتلا کے اس دور میں بھی داتا دربار کی حرمت اور جاہ و حشم برقرار رہا۔ یکم جولائی 2010ء بروز جمعرات جب داتا دربار میں عقیدت مند اپنی عقیدتوں کے پھول نچھاور کر نے جوق در جوق حسب سابق آئے ہوئے تھے۔ غیرملکی طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کچھ بدبختوں نے دہشت گردی کا بازار گرم کر دیا۔ جس میں جہاں پچاس کے قریب معصوم جانیں گئیں،200سے زائد افراد زخمی ہوئے وہیں مزار کا تقدس بھی پامال ہوا۔ پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو دشمن کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے میں اس کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔یہ وہی لوگ ہیں جو سوات اور وزیرستان میں بھی مزاروں کی بے حرمتی کر چکے ہیں۔ یہ طالبان کے بھیس میں طالبان کو بدنام اور گھنائونی کاروائیاں کرتے ہیں۔ سوات میں تو ان دہشت گردوں نے بزرگوں کی نعشیں قبروں سے نکال کر درختوں سے لٹکا دی تھیں۔ دشمن کے ایسے ایجنٹوں کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ پاکستان میں نہ صرف ہندو کے ایجنٹ بلکہ خود ہندو بھی مسلمانوں کے بھیس میں پاکستان کی تباہی و بربادی کی کاروائیوں میں شامل ہیں۔ قبائلی علاقوں میں ان کی ملنے والی لاشیںہندوئوں کے براہِ راست پاکستان کے خلاف سرگرم ہونے کا ثبوت ہیں۔ ایک مسلمان بھوک اور پیاس برداشت کر سکتا ہے۔ لگژری لائف چھوڑ سکتا ہے۔ اپنے مذہب کی بے حرمتی، بے توقیری اور تضحیک برداشت نہیں کر سکتا۔ بھارت اپنے ایجنٹوں کے ذریعے مساجد اور مزاروں پر حملے کرا کے کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔وہ پاکستان میں مذہبی فساد برپا کرکے مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ اسے پتہ ہونا چاہیے کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر سنگ باری کی جائے تو جواب میں پتھروں کی بارش سے شیشے کے محلات چکناچور ہو جاتے ہیں اور بھارت کے شیشے کے محلات تو ہماری دست برد میں ہیں۔ دشمن کا گریبان پاکستانیوں کے ہاتھوں سے دور نہیں ہے۔ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کو بھی علم ہونا چاہیے کہ وہ انسانوں کے قانون کو دھوکہ دے سکتے ہیں مکافاتِ عمل سے نہیں بچ سکتے۔ خودکش حملہ آوروں نے داتا دربار میں جو قیامت برپا کی۔ وہ مسلمان تو کیا کسی انسان کی کارروائی بھی نہیں ہو سکتی۔ ایسے لوگوں کا مذہب کے ساتھ دور کا بھی تعلق نہیں ہے۔ اگر کوئی مذہب کے نام پر ایسا کرتا ہے تو یقینا گمراہ ہے اور اس سے ایسا کرانے والے صرف چند سکوں کے لالچ میں یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔
Column Name
Search
Select Year
2026
2025
2024
2023
2022
2021
2020
2019
2018
2017
2016
2015
2014
2013
2012
2011
Select Month
January
February
March
April
May
June
July
August
September
October
November
December
Search
Next
Home
Back
Copyright 2025 All Right Reserved By IRSHADCOMTECH --
Build Your Website withus