×
Home
About
Columns
Books
Gallery
Contact
Matloob
Warraich
Journalist
Matloob
Warraich
Author
Matloob
Warraich
Party Chairman
پیپلزپارٹی کی آخری ہچکیاں
Dated: 13-Jan-2015
مطلوب احمد وڑائچ matloobwarraich@yahoo.com اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مذاکرات کا مسودہ پھاڑنے والے جذباتی ذوالفقار علی بھٹو نے بعدازاں ثابت کیا کہ وہ قوم کے لیے محمد علی جناح ثانی تھا۔ بھٹو نے اس وقت کی انڈین پرائم منسٹر اندرگاندھی کے ساتھ ایسی ڈپلومیسی اور کمال خارجہ پالیسی استعمال کی کہ 71ء کی جنگ جو میدانوں میں ہاری گئی تھی بھٹو نے وہ مذاکرات کی میز پر شملہ میں وہ جیت لی۔ بھارت کی قید سے نوے ہزار قیدی چھڑوالیے۔ مغربی پاکستان کا وہ علاقہ جو 71ء کی جنگ کے دوران انڈیا کے قبضے میں چلا گیا تھا وہ بھی واپس مل گیا۔ 1974ء میں ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی سربراہی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد کرکے سامراجی قوتوں کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا اور دنیا کے 54اسلامی ممالک نے بھٹو کو اپنا چیئرمین منتخب کر لیا اور امیر عرب ممالک نے اسلامک بم بنانے کے لیے بھٹو کو لامحدود وسائل اور اختیارات دے دیئے۔ عوام کو سیاسی اور سماجی شعور دلانے کا عزم بھی بھٹو نے پورا کیا۔ یہی وجہ تھی کہ ذوالفقار علی بھٹو مغربی سامراج کی نظروں میں کانٹے کی طرح کھٹکنے لگا اور اس روز تو حد ہی ہو گئی جب امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے بھٹو کو ان مقاصد سے باز رہنے کو کہا اور بصورتِ دیگر بھٹو اور اس کے خاندان کو عبرت ناک مثال بنانے کی دھمکی دے دی اور اسی جرم کی پاداش میں شاہ فیصل کے قتل سے ابتداء کی گئی۔ قارئین! درجہ بالا تمام مسلمان رہنمائوں اور سربراہان کو ایک ایک کرکے منظر سے ہٹا دیا گیا اور آج بھٹو کے خاندان کے ہر فرد کو صفحۂ ہستی سے مٹا دیا گیا مگر پاکستان اور عالمِ اسلام کے دلوں میں آج بھی ان کی حکمرانی قائم ہے۔میں نے 2004ء میں بھٹو شہید کی زندگی اور کارناموں پر ایک خوبصورت کتاب ’’صدیوں کا بیٹا‘‘ لکھی جسے بُک ہوم لاہور نے بڑے اہتمام سے شائع کیا اور اب تک اس کے بیشمار ایڈیشنز شائع ہو چکے ہیں۔میں نے ایک دن جب یہ کتاب شہید بے نظیر بھٹو کو پیش کی تو انہوں نے بے اختیار کتاب کو چوم کر سینے سے لگا لیا اور کہا کہ مطلوب میرے باپ کا قصور صرف یہ تھا کہ انہوں نے عالمِ اسلام کو شعور دینے کی کوشش کی۔ بھٹو کے بعد اس کی بیٹی کو لگ بھگ وہی مسائل درپیش رہے۔ دو دفعہ اقتدار سے ہٹایا گیا، سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ میں ایک مخصوص مائنڈ سیٹ بھٹوز اور اس کے دیئے ہوئے فلسفے کو عوام کے ذہنوںسے تلف کرنا چاہتا تھا مگر اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی آصف علی زرداری سے ہونے والی شادی کا بھی اس میں کلیدی کردار ہے ۔کراچی میں بمبینو سینما کے مالک حاکم علی زرداری کا بیٹا جب بھٹو خاندان کا داماد بنا تو اس نے دنیا بھر کی دولت سمیٹنے کا لالچ اپنے ذہن میں بسا لیا۔ حقائق گواہ ہیں کہ بی بی کو دو دفعہ اقتدار سے صرف آصف علی زرداری کی کرپشن کی وجہ سے ہٹایا گیا جب کہ تیسری بار محترمہ نے جب پاکستان آنے کا پلان بنایا تو میرے سمیت قریبی ساتھی اس بات کے گواہ ہیں کہ اس میں آصف علی زرداری کا کہیں دور دور تک نام و نشان نہ تھا مگر محترمہ کی اچانک شہادت کے بعد ایک خود ساختہ وصیت کا برآمد ہو جانا دراصل اس بات پر مہرتھی کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی ’’لیگسی‘‘ اب تھوڑے ہی عرصے کی مہمان ہے۔ محترمہ کی شہادت کے بعد ذوالفقار علی بھٹو، شاہنواز بھٹو، مرتضیٰ بھٹو کے قاتل ڈھونڈ کر ان کو کیفرکردار تک پہنچانے کی بجائے ’’جمہوریت بہترین انتقام‘‘ اور مفاہمت کی سیاست کواقتدار کا زینہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ 2008ء میں محترمہ کی شہادت کے ساتھ ہی اقتدار تو حاصل کر لیا گیا مگر وہ فلسفہ اور بھٹوازم جس کے لیے ماضی قریب کی تاریخ میں درجن بھر جیالوں نے خود سوزیاں کیں، ہزاروں جیالوں نے کوڑے کھائے اور لاکھوں جیالوں نے قلعوں اور قید کی صعوبتیں برداشت کیں ،اس فلسفے کو بتدریج دفن کیا جاتا رہا۔ پاکستان میں حکمرانی کے پہلی دفعہ پانچ سال پورے کرنے کا جنون اور نعرہ دراصل پاکستان میں لبرل سیاست کا خاتمہ کرتا ہوا نظر آیا۔2013ء کے الیکشن میں صرف صوبہ سندھ جہاں آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چہیتوں کی حکومت تھی وہاں دھاندلی سے الیکشن جیتا گیا جبکہ باقی سارے ملک میں عوام نے پیپلزپارٹی کی نئی خودساختہ قیادت کو یکسر مسترد کر دیا اور آج حالت یہ ہے کہ پیپلزپارٹی اپنے آغاز کے چوالیس سال بعد آخری ہچکیاں لے رہی ہے۔ یقینا ذوالفقار علی بھٹو صدیوں کا بیٹا تھا اور محترمہ بے نظیر بھٹو دخترِ مشرق تھیں۔ ان کو عوام کے دلوں سے حذف نہیں کیا جا سکتا ۔ ابھی چند روز قبل محترمہ شہید کی برسی سے پہلے اسلام آباد میں ہونے والے پی پی پی کے ایگزیکٹو اجلاس میں سینیٹر اعتزاز احسن نے صحیح کہا تھا کہ اب ہم اس فلسفے کے نام پر دو تین ہزار لوگ بھی اکٹھے نہیں کر سکتے جب کہ دوسری طرف باپ بیٹے کے درمیان اختلافات کی خودساختہ خبریں شائع کروانے کا مقصد دراصل اقتدار کی میراث کو بیٹے تک منتقل کرنا ہے تاکہ پیپلزپارٹی کے وہ 95فیصد لوگ آصف علی زرداری سے نفرت کرتے ہیں وہ بلاول کی طرف راغب ہو جائیں ۔قارئین! اس دوران صنم بھٹو کے ذریعے میر مرتضیٰ بھٹو کی بیوہ اور بیٹی فاطمہ بھٹو کے ساتھ مفاہمت کی خبریں بھی دراصل ڈس انفارمیشن کا حصہ ہیں۔ کچھ عرصہ قبل فاطمہ بھٹو نے یہ کہا تھا کہ وہ زرداریوں کی ڈوبتی کشتی میں سوار نہیں ہو گی۔زرداری اور ان کے ساتھیوں کی کرپشن نے پیپلز پارٹی زوال کی جس کتھا گہرائی میں پھینکا ہے اس کا کم از کم موجودہ قیادت کی موجودگی میں سنبھلنا ممکن ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالے اور ورکرز بیحد پرجوش ہیں، بلاول بھی پرجوش جیالا ہے مگر اس وقت جوش کی بجائے ہوش سے کام لینے کی ضرورت ہے۔زرداری صاحب نے پیپلز پارٹی پنجاب کے تنظیمی عہدیداروں، سینئر رہنمائوں، ضلعی صدور، ڈویژنل کوآرڈینیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج میں بھی ’’نیازی‘‘ کے ساتھ کنٹینر پر چڑھ جاتا تو سسٹم فارغ ہو جاتا۔ پھر کسی کے ہاتھ کیا آتا، یہ مجھے معلوم تھا، ہم ایسا کرتے تو تاریخ ہمیں معاف نہ کرتی۔قارئین یقین کریں کہ زرداری صاحب عمران خان کے ساتھ کنٹینر پر چڑھ جاتے تو اگلے روز کرپشن کیسز میں جیل میں بیٹھے ہوتے۔اگر 21ویں ترمیم میں ساتھ نہ دیتے تو بھی جیل ہی مقدر ہوتا۔وہ مقدمات سے بچنے کے لئے نواز حکومت کا دم بھرتے ہیں ۔خورشید شاہ جیسے ساتھیوں پر بھی اپنی کرپشن پر پکڑے جانے کا خوف ہے۔خورشید شاہ پر بھی اربوں روپے کی کرپشن کی کیس تھے۔اب وہ کہتے ہیں کہ وہ مستقبل کے وزیر اعظم ہیں۔ ایسا ممکن تو نہیں تاہم زرادی کے ہوتے ہوئے کچھ بھی ہوسکتاہے۔ کوئی موقع بن گیا تو کرپشن کے حوالے سے خورشید شاہ ہی میرٹ پر پورا اتریں گے اور پھر ملک کے بچے ہوئے وسائل کا خدا ہی حافظ ہوگا۔ 13جنوری2015ء
Column Name
Search
Select Year
2026
2025
2024
2023
2022
2021
2020
2019
2018
2017
2016
2015
2014
2013
2012
2011
Select Month
January
February
March
April
May
June
July
August
September
October
November
December
Search
Next
Home
Back
Copyright 2025 All Right Reserved By IRSHADCOMTECH --
Build Your Website withus